غزہ :اسرائیلی افواج نے شمالی غزہ میں فلسطینیوں کو انسانی ڈھال بنالیا، صہیونی فوج کے ٹینکوں نے غزہ کے 4 ہسپتالوں کا گھیراؤ کرلیا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کواس وقت زمین پر جہنم بنادیا گیا ہے۔
غزہ میں جارحیت 36ویں روز میں داخل ہوگئی ، اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اسرائیلی افواج نے شمالی غزہ میں فلسطینیوں کو انسانی ڈھال بنالیا، صہیونی فوج کے ٹینکوں نے غزہ کے 4 ہسپتالوں کا گھیراؤ کرلیا، شفا ، العودہ، القدس اور انڈونیشیا ہسپتال کے اطراف بمباری کی گئی جبکہ النصر چلڈرن اسپتال اور غزہ بلڈ بنک پر بھی بم برسا دئیے۔
ظالم فوج نے اقوام متحدہ کے سکول اور شمالی غزہ سے انخلا کیلئے نکلنے والے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا ، اسرائیلی بمباری میں مزید 266 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ،
صیہونی فوج کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 78 ہوگئی، شہدا میں 4 ہزار 880 بچے اور 3ہزارسے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ 32 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کی پٹی میں القدس ہسپتال پر اسرائیلی سنائپرز کی فائرنگ کے بعد فلسطینی ہلال احمر نے جمعہ کی شام اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج نے القدس ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ پر بھی فائرنگ کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بھی مزید 19 فلسطینیوں کو شہید کردیا، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کے 35 میں سے 18 ہسپتال مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کواس وقت زمین پر جہنم بنادیا گیا ہے۔
گزشتہ روز جمعہ کی علی الصبح سے ہی اسرائیلی فورسز شمالی غزہ کی پٹی کے ان ہسپتالوں میں موجود شہریوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ انہیں جنوب کی طرف دھکیل کر اپنی زمینی دراندازی مکمل کی جا سکے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بارہا دھمکی دی ہے کہ وہ ان ہسپتالوں کے آس پاس بمباری کرے گا جہاں حالیہ عرصے کے دوران بمباری سے بھاگنے والے ہزاروں بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔
دوسری جانب حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ، عرب ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان قطر میں جاری کئی دن کے مذاکرات کے بعد قیدیوں کا تبادلہ طے پا گیا ہے، اسرائیل کے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے کے بدلے میں حماس 100 یرغمالیوں کورہا کرے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے بعد اس کی سکیورٹی کا کنٹرول اسرائیلی فورسز سنبھال لے گی اور حماس کیخلاف لڑائی جاری رہے گی۔
محصور غزہ کی پٹی کے 24 لاکھ باشندوں میں لگ بھگ 16 لاکھ افراد حالیہ عرصے کے دوران اسرائیل کے پرتشدد حملوں اور بمباری سے فرار ہو کر مصر کے قریب جنوبی علاقوں میں نقل مکانی کر گئے ہیں۔
سات اکتوبر کو شروع اس جنگ میں 1400 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں، اسرائیلی حکام کے مطابق حماس نے 240 اسرائیلیوں اور غیر ملکیوں کو یرغمال بھی بنایا۔
خیال رہے کہ 27 اکتوبر کو اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائی بھی شروع کر رکھی ہے۔