کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے متعلقہ اداروں کے عدم تعاون اور اجازت نہ دینے پر کراچی میں 12 نومبر کو شیڈول جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی کراچی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ، کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر کو جلسے کیلئے بارہا زبانی و تحریری استدعا کرتے رہے، پی ٹی آئی کی انتخابی مہم سے انتظامیہ کا خوف میں مبتلا ہونا باعث تشویش ہے، انتظامیہ کا پی ٹی آئی سے متعلق رویہ انتہائی افسوسناک اور عوام کیلئے تکلیف دہ ہے۔
تحریک انصاف کراچی کے عہدیداران نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کے علاوہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور ہر پارٹی کو کھلا میدان دیا جا رہا ہے، جلسے کے انعقاد کے سلسلے میں عدالت میں پی ٹی آئی کی درخواست دائر ہے، کراچی کے عوام اور کارکنان مایوس نہ ہوں، پی ٹی آئی عدالتی حکم پر جلد کراچی میں جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان کرے گی۔