لاہور: پاکستان تحریک انصاف کو ضلعی انتظامیہ نے جلو پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔
عدالتی حکم کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے تحریک انصاف کو جلسہ کرنے کی اجازت نامہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق پی ٹی آئی مینار پاکستان کے بجائے اب جلو پارک میں جلسہ کرے گی۔
انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کیلیے دوپہر 2 بجے سے شام پانچ بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کوشام پانچ بجے تک تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی تھی۔
عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست پر تحریری فیصلہ بھی جاری کیا جس میں جسٹس فاروق حیدر نے لکھا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور قانون کے مطابق شام پانچ بجے تک درخواست پر فیصلہ کریں۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ جلسہ روکنے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت ہے اس لیے اس کو نمٹایا جارہا ہے۔