ماسکو: روس کے مشرقی خطے کامچٹکا میں ایک نجی ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا، جس میں 22 سیاح سوار تھے۔
روس کی فیڈرل ایئرٹرانسپورٹ ایجنسی (روزاویئیشن) نے تصدیق کی ہے کہ سیاحوں کو لے کر جانے والا ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے۔
ایجنسی نے بیان میں کہا کہ سیاحوں کو لے کر جانے والا ہیلی کاپٹر کامچٹکا پننسولا کے جنوبی حصے ویشکاجیک سے گاؤں نیکولائیکوکا جا رہا تھا، جو مشرق میں 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
لاپتا ہیلی کاپٹر کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ مذکورہ علاقے میں ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق 22 افراد سوار تھے تاہم واضح کیا گیا ہے کہ ان میں 3 عملے کے ارکان تھے اور 19 مسافر تھے۔
ایجنسی نے بتایا کہ لاپتا ہیلی کاپٹر کی تلاش میں ایک اور جہاز روانہ ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ایک اور ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر کے ساتھ ساتھ ریسکیو ٹیمیں زمینی راستوں سے جانے کے لیے تیار ہوگئی ہیں۔