کمپالا: طوفانی بارشوں نے یوگنڈا کے دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوگنڈا کے دارالحکومت میں ایک لینڈ فل سائیٹ کا مٹی کا ایک بڑا تودہ مکانات پر گرگیا جس میں درجنوں افراد اور مویشی ملبے تلے دب گئے۔
یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مکین سو رہے تھے۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 18 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جب کہ کچھ زخمی حالت میں نکالا گیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس ترجمان پیٹرک اونیاگو نے بتایا کہ امدادی کاموں کے دوران 14 افراد اور 10 سے زائد جانوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ تقریباً ہزار کے قریب لوگ بے گھر ہوگئے جنھیں ریلیف کیمپ میں منتقل کردیا گیا۔
یوگنڈا کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں مزید 2 روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔