اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور: ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ دونوں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے جبکہ واسا کی جانب سے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال ہے جس کے پیش نظر نالہ لئی کو خالی کروایا جائے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کی شدت کم ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے جبکہ کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
ادھر بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جھل مگسی کے علاقے ٹیپری میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، دیگر علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
سوراب کے علاقے کیدر میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے جبکہ گندان جھل ندی میں بھی سیلابی ریلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر ، خیبرپختونخوا ، بالائی،وسطی پنجاب ، اسلام آباداور شمال مشر قی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔اس دوران خیبرپختونخوا ، بالائی پنجاب ، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقا مات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی 45،چلاس 43 اوردالبندین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔