کھٹمنڈو:وسطی نیپال میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار پائلٹ اور 4 چینی باشندوں سمیت تمام 5 مسافر ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایئر ڈائنسٹی ہیلی کاپٹر دارالحکومت کھٹمنڈو سے سیابروبیسی کی طرف جا رہا تھا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ پرواز کے تقریباً تین منٹ بعد طیارے کا رابطہ منقطع ہو گیا اور ہیلی کاپٹر دارالحکومت کے شمال میں واقع ضلع نواکوٹ میں گر کر تباہ ہو گیا۔
پولیس کے ترجمان دان بہادر کارکی نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ اس حادثے میں پائلٹ سمیت تمام 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، نواکوٹ کے ضلع افسر رام کرشنا ادھیکاری نے بتایا کہ جائے حادثہ سے 5 لاشیں نکال لی گئی ہیں، پولیس پہلے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پہاڑ کی ڈھلوان پر جنگل کے علاقے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا جبکہ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
واضح رہے کہ نیپال میں پہاڑوں اور خراب موسم کے باعث پہلے بھی فضائی حادثات پیش آچکے ہیں۔