نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی ایک موچی کی دکان پر آمد اور کچھ دیر گفتگو نے موچی کے دن پھیر دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق موچی رام چیت نے بتایا کہ کانگریس جماعت کے رہنما راہول گاندھی جب سے اس کی دکان سے ہوکر گئے ہیں، میری زندگی بدل گئی ہے۔ لوگ اپنی گاڑیاں روک کر ملتے ہیں اور عزت دے رہے ہیں۔
چند روز قبل راہول گاندھی اترپردیش کے علاقے سلطان پور میں عدالتی سماعت میں تاخیر کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے سامنے بیٹھے ایک موچی کی دکان میں چلے گئے اور گفتگو کی۔
راہول گاندھی نے موچی رام چیت سے کہا مجھے بھی جوتے سینا اور اس میں تلوے چسپاں کرنا سیکھائیں۔ راہول گاندھی نے ایک جوتے میں ٹانکے لگائے اور تلوے کو پیسٹ بھی کیا۔
بعد ازاں راہول گاندھی تو چلے گئے لیکن ان کی جانب سے ایک سلائی مشین موچی رام چیت کے پاس پہنچی۔ جس سے ان کو جوتے سینے میں آسانی رہے گی۔
موچی رام چیت نے بتایا کہ میرے دن پھیر گئے ہیں سلائی مشین بھی ملی اور جس جوتے پر راہول گاندھی نے ٹانکے لگائے اور تلوے پیسٹ کیے تھے اس جوتے کو خریدنے کے لیے لوگ 10 لاکھ روپے تک بھی دینے کو تیار ہیں۔
رام چیت نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے 10 لاکھ قیمت کو مسترد کردیا کیوں کہ یہ جوتا جس نے آرڈر دیا ہے بننے کو، میں اسی کو فروخت کروں گا پھر اس کی مرضی جو وہ کرے۔ میں وعدہ خلافی نہیں کروں گا۔
موچی رام چیت ایک چھوٹی جھونپڑی میں رہتے ہیں جس میں بجلی بھی نہیں ہے جب ان سے پوچھا گیا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے وہ یہ سلائی مشین کیسے استعمال کریں گے تو رام چیت نے بتایا کہ میرے بیٹے نے گھر میں بجلی کا بندوبست کرلیا ہے۔