اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بیرونی سرمایہ اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں میں آن لائن ویزا جاری کرنے اور انہیں ویزا فیس سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور سیاحوں کے لیے ویزا کے حصول آسان بنانے کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری ، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے بڑا اقدام کرتے ہوئے ویزہ رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلف کنٹریز کونسل کے ممالک کے کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے، جس کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کے جائیں گے اور مذکورہ ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان دیگر ممالک کے افراد کے لیے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا۔