راولپنڈی: سانحہ 9 مئی میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے لاہور پولیس کی تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا تاہم تفتیش کے دوران بانی چیئرمین نے پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین کو تین ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا۔
عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے لاہور پولیس اڈیالہ پہنچی۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم کے ساتھ پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین بھی تھے۔
ڈی ایس پی جاوید کی سربراہی میں انسپکٹر رانا اکمل،رانا ارحم،عالم لنگڑیال،رانا منیر،محمد علی پر مشتمل لاہور پولیس ٹیم جیل کے اندر روانہ ہوئی۔ ان کے ساتھ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کے عابد ایوب، انسپکٹر وقاص خالد تھے۔
پی ایف ایس اے ماہرین نے بانی چیئرمین کا جھوٹ پکڑنے والا پولی گراف ٹیسٹ،وائس میچنگ، فوٹو گرامیٹری کرنا تھا۔ لاہور پولیس ٹیم نے بانی چیئرمین سے 9مئی واقعات سے متعلق مختلف سوالات بھی کرنے تھے۔
تاہم تفتیش کے دوران پولیس نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے مختلف سوالات کیے تو بانی چیئرمین نے سوالات کے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پولیس پر اعتبار نہیں۔
تفتیشی ٹیم کے سربراہ ڈی ایس پی جاوید آصف نے کہا کہ آپ پولیس کے تفتیشی افسران سے تعاون کریں ہم آپ کے ساتھ انصاف کریں گے۔
ڈی ایس پی جاوید آصف کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے 15 منٹ تک پولیس کے سوالات کے جوابات دیے تاہم تفتیش کے دوران بانی چیئرمین نے پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین کو تین ٹیسٹ دینے سے انکار کردیا۔
انہوں نے پی ایف ایس اے کی ٹیم کو کہا کہ میں بہت سے تفتیشی اداروں کے زیر تفتیش ہوں فی الحال کوئی ٹیسٹ نہیں کراؤں گا، مختلف ٹیسٹ کرنے کے حوالے سے بعد میں پولیس کو وقت دوں گا۔
تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر لاہور پولیس ٹیم اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بانی چیئرمین نے تفتیشی ٹیم سے تعاون سے انکار کر دیا تھا۔