اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے سیاست، معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پراتفاق کیا۔ ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔
پاکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس نے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں ، ہم نے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات مثبت سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں ، ملاقات میں ہم نے دوطرفہ ایجنڈے کے ساتھ علاقائی و عالمی پیشرفت کا احاطہ بھی کیا، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا ، ترکمانستان کے قومی رہنما گربان گلی بردی محمدوٴف کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، گربان گلی بردی محمدوٴف کا متوقع دورہ دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دیگا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیرخارجہ ترکمانستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایس آئی ایف سی کے اہم کردار سے آگاہ کیا، جب کہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی کے ترجیحی شعبوں میں روابط بڑھانے پرغورکیا گیا، ہم نے سیاست، معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پراتفاق کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، ترکمانستان کی کمپنیاں گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھائیں، پاکستانی بندرگاہیں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے لیے پرکشش موقع فراہم کرتی ہیں۔
ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ہماری ا?ج کی ملاقات میں توانائی ،سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوست اور بردار ملک ہے، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلووٴں کا جائزہ لیا، جس میں دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کی یقین دہائی کرائی گئی ہے۔
قبل ازیں ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو دفتر خارجہ پہنچ گئے جہاں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحا ق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔