کولمبو: ویمنز ٹی 20 ایشیاء کپ کا آغاز آج سے سری لنکا میں ہو گا، ایونٹ کا افتتاحی میچ یو اے ای اور نیپال کی ٹیموں کے مابین ہو گا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان اور بھارت کی خواتین آمنے سامنے ہوں گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ویمنز ٹی 20 ایشیاء کپ کا آج سے باقاعدہ طور پر آغاز ہو گا، افتتاحی میچ سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا جس میں نیپال اور یو اے ای کی ویمنز ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی، دوسرا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔
گزشتہ روز ایونٹ کیلئے ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، ٹیموں کے فوٹو سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے شاندار ڈانس بھی کیا، قومی کرکٹ ٹیم نے دمبولا میں پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا، خواتین کھلاڑیوں نے اپنے خامیوں پر قابو پانے کیلئے بیٹنگ، باوٴلنگ اور فیلڈنگ میں خوب جان لگائی۔
قومی ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف کھیلنا ایک اچھا تجربہ ہوتا ہے، میدان میں مثبت سوچ کے ساتھ اتریں گے، کھلاڑیوں نے کراچی میں ٹریننگ کیمپ میں سخت محنت کی ہے، بھارتی ٹیم کے کھیل کا انداز جارحانہ ہے۔
ادھر بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور کا کہنا ہے کہ باہمی سیریز کا ہونا یا نہ ہونا میرے ہاتھ میں نہیں، ہم ہمیشہ پاکستان کے خلاف کھیل کر انجوائے کرتے ہیں، ہم ہر ٹیم کیخلاف اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور ادھر بھی اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔