راولپنڈی: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ کسی کا باپ بھی پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی پارٹی ہے اور رہے گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ ہماری آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے لیے جنگ جاری رہے گی۔
عمر ایوب نے کہا کہ مری میں نادان لوگ بیٹھے ہیں، ہمارے لیڈر کو آپ نے جیل میں ڈالا ہماری پارٹی نہیں ٹوٹی کسی کا باپ بھی پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی پارٹی ہے اور رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت گیس، پٹرول، آٹا، دال، چینی اور ہر چیز کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں، محسن نقوی کے دور میں اربوں روپے کی گندم امپورٹ کی گئی، موجودہ حکومت ایکسپورٹ پر بھی کمیشن لینے جارہی ہے، ایس آئی ایف سی صرف 30 ارب روپے پرائیوٹائزیشن سے کمائے گی جب کہ پرائیوٹائزیشن سے اصل مالیت 1000 ارب حاصل ہوگی۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تنظیم سازی کا حکم دیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ملاقات کے وقت جیل پولیس اہلکار بار بار آرہے تھے اور ہمیں ٹوک رہے تھے، یہاں پر ایک آئی ایس آئی کا کرنل اور میجر بیٹھا ہے، جو بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہیں ہونے دے رہے، ہم اسلام آباد کے انچارج، آئی جی پنجاب، سیکریٹری داخلہ، چوکی انچارج اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سمن کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں کا کیا کام ہے کہ سیاسی لوگوں کو اٹھائیں، ویگو ڈالے تعاقب کررہے ہیں، ان کو فرصت ملے تو دہشت گردی کو روکیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا یہ حکومت پاگل ہوچکی ہے ہمیں ہماری سیٹیں ملیں گی، چیف الیکشن کمشنر اور چاروں کمشنرز کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے، ان پر فی الفور آرٹیکل 6 لگائیں۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا جلسہ ضرور ہوگا۔
رؤف حسن نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعت کے لیے جو پلان کررہے ہیں اس سے پاکستان کا نقصان ہوگا جب بھی یہ غلط قدم اٹھائیں گے ہم ان کا دفاع کریں گے۔