اسلام آباد: سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے حکومت کے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے اعلان سے پیچھے ہٹنے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی پر ردعمل کو محسوس کرکے وفاقی حکومت کے پیچھے ہٹنے کے عمل کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر جو بھی سوچ اس منفی عمل سے دستبرداری کے لیے کام کررہی ہے، اس کی تحسین ہونی چاہیے۔
محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کسی سیاسی جماعت خاص طورپر اپوزیشن جماعت پر پابندی کے فیصلے میں حصہ دار بنی تو نیب کے بعد ایک اور داغ اس کے ماتھے پر لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کی کوشش کرے،ورنہ پابندی لگاتے لگاتے خود ہی پابند یوں کی بھینٹ چڑھ جائے گی، تاریخ گواہ ہے کہ سیاسی جماعتوں پر پابندیوں سے جمہوریت پر ہی پابندی لگ جاتی ہے۔