واشنگٹن:سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر اور بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے بیان جاری کر دیا ہے۔
ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا نے سیکریٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ والد کی جان بچانے کیلئے فوری اقدامات پر مشکور ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے والد ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ جونیئر نے کہا ہے کہ والد امریکا کو بچانے کی جنگ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بیان کے ساتھ ٹرمپ جونیئر نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویریں بھی شیئر کیں جن میں انہیں فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں بھی پرجوش انداز میں مکا لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حصار میں لے لیا اور وہاں سے لے کر روانہ ہو گئے، گولیاں لگنے سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہوا، واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں خوف و حراس پھیل گیا۔
امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں، سابق صدر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ریلی میں پیش آئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، فائرنگ کرنے والے کا ابھی تک کچھ علم نہیں ہو سکا جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں اور سب کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔