بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کی بی ایس ایف اکیڈمی سے 2 خواتین کانسٹیبلز ایک ماہ سے پُراسرار طور پر لاپتا ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لاپتا ہونے والی دونوں خواتین کانسٹیبلز کی شناخت انکشا نکھر اور شاہانہ خاتون کے ناموں سے ہوئی جو گوالیار کے ٹیکن پور میں واقع بی ایس ایف کی اکیڈمی میں بطور ٹرینر تعینات تھیں۔
اکیڈمی سے اچانک غائب ہونے کے بعد سے فون ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ان کی تلاش شروع کردی گئی تاہم ایک ماہ گزر جانے کے باوجود دونوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حکام کا کہنا ہے کہ خواتین ٹرینرز کے اہل خانہ مکمل تعاون کر رہے ہیں اور مسلسل رابطے میں ہیں۔تاہم حکام نے خواتین ٹرینرز کی تلاش سے متعلق پیشرفت کے بارے میں بتانے سے گریز کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات کے دوران مشکوک سرگرمی کا انکشاف ہوا ہے۔ خواتین کے فون لوکیشن مرشد آباد کے قریب دہلی، ہاوڑہ، اور بہرام پور اور مغربی بنگال آ رہی ہیں۔