تہران:ایران میں ہونے والے حالیہ صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوارواضح اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔
ایران کے صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50فیصد ووٹ حاصل نہ کرسکا جس کے بعد ایرانی وزیر داخلہ نے رن آف کا اعلان کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جمعہ5 جولائی کو ہوگا، صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسعود پیز شکیان اور سعید جلیلی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ایرانی وزارت داخلہ کے مطابق اب تک 2کروڑ45 لاکھ ووٹ گنے جا چکے ہیں جس میں مسعود پیز شکیان کو ایک کروڑ 4لاکھ، سعید جلیلی کو94 لاکھ ووٹ ملے ، محمد باقر کے34لاکھ جبکہ مصطفیٰ پور کے محمدی کو2لاکھ ووٹ ملے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ گزشتہ روز صبح 8 بجے شروع ہوئی ، جس میں رات 12 بجے تک توسیع کی گئی تھی، پولنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔
ایرانی وزیرِ داخلہ احمد وحیدی کے مطابق صدارتی الیکشن کے لیے ملک بھر میں 60 ہزار ووٹنگ سٹیشنز اور 90 ہزار ووٹنگ پوائنٹس بنائے گئے جبکہ تارکینِ وطن کے لیے ملک سے باہر 300 ووٹنگ سٹیشنز قائم کیے گئے۔
ابتدائی طور پر چھ امیدوار صدارتی انتخاب کی دوڑ میں موجود تھے تاہم الیکشن سے ایک روز قبل دو امیدواروں نے مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ ایران میں صدارتی انتخاب آئندہ برس ہونا تھے تاہم گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال سے خالی ہونے والے عہدے پر انتخاب ہو رہا ہے، صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔