گیانا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔
گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا ٹاس 7 بجے ہونا تھا جبکہ میچ شروع ہونے کا وقت 7 بجکر 30 منٹ تھا تاہم بارش کے باعث میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع نہیں ہوسکا۔ میچ کا ٹاس 8 بجکر 10 منٹ پر ہوا جبکہ میچ کا آغاز 8 بجکر 45 منٹ پر ہوگا۔
اس میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی کمان روہت شرما کے ہاتھ میں ہے جبکہ جوس بٹلر انگلینڈ کی کپتانی کررہے ہیں۔
قبل ازیں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار میگا ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈم میں میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے افغانستان کا 56 رنز کا آسان ہدف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
خیال رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں میچ مکمل کرنے کیلئے 250 منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔ بارش کی وجہ سے میچ ختم ہونے کی صورت میں سپر 8 راؤنڈ کی ٹاپ ٹیم ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گی۔