راولپنڈی: موٹر وے پر خاتون ڈرائیور کی جانب سے اوور اسپیڈ اور پٹرولنگ افسر کے پیر گاڑی چڑھانے کا ایک اور مبینہ واقعہ پیش آیا، جس پر ان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور تیزرفتاری پر چالان بھی کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پٹرول افسر پر گاڑھی چڑھانے کا واقعہ مین ٹول پلازہ پر پیش آیا اور مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج کرلیا گیا اور کہا گیا ہے کہ موٹروے افسر پر گاڑی چڑھانے کے نتیجے میں ان کا بوٹ پھٹ گیا۔
مقدمے کے مطابق خاتون کی شناخت ہوگئی ہے اور برطانوی ڈرائیونگ لائسنس پر چالان ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، خاتون ڈرائیور کو چالان ٹکٹ اوور اسپیڈ ہونے پر جاری کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون ڈرائیور کا 2500 روپے کا چالان کیا گیا اور مذکورہ رقم گاڑی میں موجود 22سالہ شخص نے ادا کی، چالان کی ادائیگی سے قبل اور بعد خاتون نے موٹروے پولیس سے بدتمیزی کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
مقدمے میں کہا گیا کہ خاتون ڈرائیور نے پٹرولنگ افسر پر گاڑی چالان کی رقم ادا کرنے کے بعد چڑھائی اور موقع سے فرار ہو گئی۔