کیلیفورنیا: امریکا میں ایک یوٹیوبر کو حال ہی میں ہیلی کاپٹر سے تیز رفتار گاڑی لیمبورگنی پر آتش بازی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے سک من چوئی جو کہ الیکس چوئی کے نام سے جانے جاتے ہیں، حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر 10 لاکھ سبسکرائبرز کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
الیکس چوئی نے اپنے فالوورز سے اسپوڑٹس گاڑی کا ایک شاندار کرتب دکھانے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی وعدے کو نبھانے کیلئے 24 سالہ یوٹیوبر نے ایک ہیلی کاپٹر کا بندوبست کیا اور دنیا کی تیز ترین گاڑیوں میں سے ایک لیمبورگنی پر آتش بازی کی بوچھاڑ کردی۔
تاہم کیلیفورنیا میں اس آتش بازی کے کرتب کے نتیجے میں الیکس کو ہیلی کاپٹر میں دھماکہ خیز اور آتش گیر مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ الزام ثابت ہونے کی صورت میں ایلکس چوئی کو 10 سال تک کی قید کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
’آتش بازی کے ذریعے لیمبوروگنی کی تباہی‘ کے عنوان سے ویڈیو میں الیکس ہیلی کاپٹر میں فائر میزائل کا بٹن دباتے ہیں جس سے گاڑی پر آتشگیر مواد کی بوچھاڑ ہوجاتی ہے۔ اس دوران ہیلی کاپٹر میں یوٹیوبر کے ساتھ دو خواتین بھی بیٹھی ہیں۔