کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے سینکڑوں افراد میں امدادی چیکس، موبائل فونز اور اسٹریٹ کرائمز سے متاثرہ ایک ہزار سے زائد افراد کو بائیکس دی گئیں۔
واضح رہے کہ قرعہ اندازی کے ذریعہ آئی ٹی کے طالب علموں میں سیکڑوں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں، تقریب میں گورنر سندھ نے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والی 13 سالہ طالبہ کو موبائل فون دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ سب کار خیر اپنی ذاتی حیثیت اور مخیر حضرات کے تعاون سے کیا جارہا ہے، اس ضمن میں سیلانی ویلفیئرکے تعاون سے اسکولز میں بچوں کو مفت ناشتہ کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 12 ہزار بچوں کو ناشتہ فراہم کریں گے، گورنر روزگار اسکیم کے تحت بزنس پروپوزل تیار کرنے والے نوجوانوں کو رقوم فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاﺅس سے طاقتور پاکستان کے تحت ضرورت مندوں میں راشن بیگز کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے، اس کار خیر میں ساتھ دینے والوں کا شکرگزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کی آمدنی کا ڈالرز میں آغاز خوش آئند ہے، اس اقدام سے نوجوانوں کو اپنی معاشی خوشحالی کا بھرپور موقع حاصل ہورہا ہے۔