پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے الیکشن ٹریبونل آرڈیننس کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد حکومتی رکن عبدالسلام نے پیش کی، جس کے متن میں لکھا گیا کہ ۔پی ٹی ائی اداروں کی ازادی اور خودمختاری پر یقین رکھتی ہے، فارم 47 حکومت کی جانب سے الیکشن ٹریبونل میں ریٹائرڈ ججز کی تعینناتی کا آرڈیننس عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ آرڈیننس کے ذریعے حکومت اپنی مرضی کے ججز کو تعینات کر کے الیکشن ٹریبونل سے من پسند فیصلے لے گی، آرڈیننس کا اجرا انصاف اور جمہوریت کا قتل ہے۔
قرارداد میں مزید لکھا گیا کہ یہ ایوان کالے قانون کے اس آرڈیننس کو یکسر مسترد کرتے ہیں، وفاق اس آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لے۔
خیال رہے کہ حکومت نے ایک روز قبل نیب آرڈیننس اور الیکشن ٹریبونلز آرڈیننس میں ترمیم کی تھی جس کے بعد قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے اس کی منظوری دے کر آرڈیننس جاری کردیا تھا۔
الیکشن کمیشن آرڈیننس کی منظوری کے بعد حکومت الیکشن ٹریبونل میں ریٹائرڈ ججز کو تعینات کرسکے گی۔