ریاض: امریکی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے سعودی عرب کی معاونت سے نصف صدی کے بعد چاند پر جانے کا ارادہ ظاہر کردیا۔
امریکی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے رواں ہفتے ریاض کے دورے کے دوران سعودیہ کے مقامی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ خلائی سینٹر کے تابناک مستقبل کیلئے خلائی صنعتوں، تجارتی کمپنیوں اور سرکاری پروگراموں کو ایک ساتھ متعارف کرانا ہے۔
خیال رہے سعودی خلائی ایجنسی اور ورلڈ اکنامک فورم نے خلا پر مرکوز چوتھے صنعتی انقلاب میں سینٹر فار سپیس فیوچرز قائم کرنے کے لیے 29 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
سینٹر فار سپیس فیوچر C4IR نیٹ ورک میں پہلا مرکز ہوگا جس کا مقصد خلائی تعاون میں عوامی سطح پر بات چیت کو آسان بنانا اور خلائی ٹیکنالوجیز کو تیز کرنے میں تعاون کرنا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی خلائی ایجنسی کی میزبانی میں سینٹر فار سپیس فیوچرز چاند پر مشن بھیجنے کے لیے خلائی صنعتوں کو اکٹھا کرے گا اور 2035 تک 2 کھرب ڈالر کی عالمی خلائی معیشت بنائے گا۔