نیویارک :سرچ انجن گوگل نے اے آئی ایسنشلز کورس، گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ سکالرشپس اور نئے پروگراموں کے ذریعے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی مہارت کو فروغ دینے کے لیے اپنی سپورٹ دگنا کردی ہے۔
معروف سرچ انجن کمپنی گوگل کے اعلامیہ کے مطابق کمپنی نے ایک نئے کورس اے آئی ایسنشلز کا آغاز کیا ہے جو مستقبل کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مصنوعی ذہانت کی مہارت حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔
گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے لیے سرچ انجن سال 2024 میں 45 ہزارسکالرشپس فراہم کرے گا، سرچ انجن نے فری لانسرز اور خواتین کو ہنر مند بنانے کے لئے 2 نئے پروگرام شامل کیے ہیں۔
رواں سال گوگل نے پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایک پروگرام تیار کیا ہے، یہ پروگرام پاکستان میں فری لانس کمیونٹی کو سافٹ سکلز ،پرسنل برانڈنگ اور کمیونیکیشن سکلز کے حوالے سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں مددکرے گا، اس کورس میں خیالات پر غور کرنے اور روز مرہ کاموں میں تیزی پیدا کرنے کے لئے اے آئی ٹولز کے استعمال کے بارے میں سکھایا جاتاہے۔
دوسری جانب پاکستان کے لیے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس اقدام کے صورت میں ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے ڈیجیٹل منظر نامے میں مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔