اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد میں ایف 6 آمد ہوئی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس سہولت مرکز کا دورہ کیا، شہریوں کی سہولت کے لیے بنائے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے پولیس سہولت مرکز کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام پولیس سہولت مراکز 24/7 اوپن رہیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت پولیس سہولت مراکز پر خدمات سے استفادہ کر سکیں گے، محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکزکے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، عملے سے مصافحہ کیا اور ملاقات کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کاؤنٹرز پر شہریوں کے لئے آرام دہ کرسیاں رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کاؤنٹر پر لرنر ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے عمل کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے پولیس سہولت مرکز میں آئے شہریوں سے مسائل کے حل کے حوالے سے دریافت کیا۔
شہریوں نے پولیس خدمت مرکز کو چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تحفظ مرکز اور جینڈر پروٹیکشن سینٹر کا بھی دورہ کیا، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے پولیس سہولت مراکز کے بارے میں بریفنگ دی۔