لندن: انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں بورن ماؤتھ،کرسٹل پیلس،ایورٹن اور مانچسٹریونائیٹڈ کی ٹیموں نے اپنے میچز جیت لئے۔
انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔
مولینکس سٹیڈیم، وولور ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں وولور ہیمپٹن اور بورن ماؤتھ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں بورن ماؤتھ کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد وولور ہیمپٹن کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔
انٹونی سیمینیو نے میچ کے 37 ویں منٹ پر ایک گول کر کے اپنی ٹیم بورن ماؤتھ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، یہ بورن ماؤتھ کی ای پی ایل میں 12 ویں فتح ہے۔
سیلہرسٹ پارک، لندن کے مقام پرکھیلے گئے دوسرے میچ میں کرسٹل پیلس اور نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیمیں نبرد آزما تھیں جس میں کرسٹل پیلس نے نیوکیسل یونائیٹڈ کو 0-2 گول سے ہرا دیا، جین فلپ میٹیٹا نے 55 اور 88 ویں منٹ میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی،یہ کرسٹل پیلس کی لیگ میں دسویں فتح ہے۔
تیسرے میچ میں ایورٹن اور لیورپول کی ٹیمیں گڈیسن پارک، لیورپول میں آمنے سامنے تھیں جس میں ایورٹن کی ٹیم نے لیورپول کی ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا، لیورپول کی ٹیم کوئی سکور نہ کر سکی۔
اراڈ برانتھویٹ نے میچ کے 27 ویں اور ڈومینک کالورٹ لیون نے 58ویں منٹ پر ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، یہ ایورٹن کی ای پی ایل میں 11 ویں فتح ہے۔
چوتھا میچ مانچسٹر یونائیٹڈ اور شیفیلڈیونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹر میں کھیلا گیا ، جس میں مانچسٹریونائیٹڈ کی ٹیم نے شیفیلڈیونائیٹڈ کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرادیا، یہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی لیگ میں 16ویں فتح ہے۔
برونو فرنینڈس نے دو جبکہ راسمس ہوجلنڈ اور ہیری میگوائر نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردارادا کیا، شیفیلڈیونائیٹڈ کی طرف سے جےڈن بوگلے اور بین بریٹن نے ایک ایک گول سکور کیا۔