استبول:ترکیہ میں ایک مشہور اداکار نے اپنے بچپن کے ایک واقعے پر سکول اور اساتذہ سے انوکھا انتقام لیا جس پر اسے عوامی حلقوں کی طرف سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
اداکار نے ایک سکول کے ملبے کی تصویر جاری کی ہے جسے اس نے خریدنے کے بعد مسمار کرا دیا، اس کا کہنا ہے کہ جب وہ چھوٹا تھا اور اس سکول میں پڑھتا تھا تب اس کے اساتذہ نے اسے متعدد بار سبق یاد نہ ہونے پر مارا پیٹا تھا۔
اداکار چاگلار ارطغرل جس نے ’منظمہ‘ سمیت کئی دوسری فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کی ہے، اس نے اپنے انسٹا گرام پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں اسے ایک تباہ شدہ سکول کے ملبے پر دیکھا جا سکتا ہے۔
چاگلار ارطغرل کا کہنا ہے کہ یہ ایک پرائمری سکول ہے جس میں اس نے بچپن میں پڑھا تھا مگر اس سکول کے ساتھ اس کی ناخوش گوار یادیں وابستہ تھیں، اس کے بقول اساتذہ نے بچپن میں اسے اس سکول میں مارا پیٹا تھا جس کی وجہ سے اس نے سکول خرید کر اسے مسمار کر دیا، اس نے کہا کہ میں نے اساتذہ کی اس زیادتی کا بدلہ لیا ہے جنہیں نے مجھے اس سکول میں پڑھائی کےدوران مارا پیٹا تھا۔
خیال رہے کہ ترک اداکار کی پوسٹ سےعوامی حلقوں میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی، اداکار کو اس کے انسٹاگرام فالوورز کی طرف سے بھی تنقید کا سامنا ہے جہاں اس کے 3 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔