نئی دہلی: الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے بھارت کا دورہ ملتوی کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دنیا کے امیرترین افراد میں سرفہرست ٹیسلا کمپنی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کو 21 اپریل سے بھارت کا 2 روزہ دورہ کرنا تھا۔
ایلون مسک کو بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنا تھی۔ ایلون مسک کی جانب سے بھارت میں 2 سے 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع تھا۔
بھارتی میڈیا ایلون مسک کے دورہ بھارت کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہا تھا اور اسے نریندر مودی کی انتخابی مہم کی کامیابی کے لیے بھی استعمال کیا جارہا تھا۔
ایلون مسک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسلا کمپنی کے امور میں بہت زیادہ مصروف ہونے کے باعث وہ بھارت کا دورہ نہیں کرسکیں گے۔