بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، ملک بھر میں عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات منائی جائے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں بھی عیدالفطر 11اپریل بروزجمعرات منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنےکے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں تاحال جاری ہے جب کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں ملنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
چاند کی شہادتیں ملنے نہ ملنے کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
قبل ازیں ماہر فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے بتایا تھا کہ چاند کی عمر 19 گھنٹے 30 منٹ ہے تو عمر کم ہونے کی وجہ سے چاند کافی باریک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاند کی پوزیشن کافی بہتر ہے یہ اس وقت 10 (altitude) پر ہے اور چاند کا دورانیہ بھی 50 منٹ کے قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پیش گوئی یہ ہے کہ جہاں آسمان صاف ہو گا اور مطلع صاف ہو گا وہاں چاند نظر آنے کا امکان ہے۔