اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری بہتراندازسے آگے بڑھ رہی ہے، جون تک نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔مستحکم ہونے والی معیشت کو طویل عرصے کے پلان کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کا ٹریکنگ سسٹم بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، ایف بی آرمیں ڈیجیٹلائزیشن کوبہتربنانے کی ضرورت ہے جس پرکام کر رہے ہیں جس سے محصولات میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پرائیویٹائزیشن کے حوالے سے پی آئی اے پر کام تیزی سے جاری ہے، علیم خان اکیلے یہ کام نہیں کر سکتے، اس عمل میں کافی اور ادارے بھی شامل ہیں، اس حوالے سے ہفتوں میں نہیں دنوں میں کام ہو رہا ہے، جون تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ خوشی ہے ایسے ہفتے میں اسٹاک مارکیٹ آیا جب نئے ریکارڈ بن رہے ہیں ، فرخ خان نے چائنیزپارٹنرزکے ساتھ مل کراسٹاک کونئی بلندیوں تک پہنچایا اور ڈاکٹر شمشاد اختر بھی مبارک باد کی مستحق ہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ رواں مالی سال کے حالات گزشتہ سال سے بہت بہتر ہیں ، ایکسچینج ریٹ، مہنگائی کی شرح میں کمی سمیت دیگرمعاملات بہتر ہوئے ہیں ، نگراں حکومت نے بہترین طریقے سے ملکی معاشی صورتحال کو سنبھالا دیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم ہونے والی معیشت کو طویل عرصے کے پلان کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے اگلے طویل معاہدے پر14اور15اپریل کو بات چیت ہوگی، گزشتہ معاہدے کوکامیابی کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ مکمل کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایکس میں اس وقت سرمایہ کاری بہت چھوٹی ہے، اسٹاک مارکیٹ میں اس وقت لسٹڈکمپنیوں کی تعداد 524 ہے، مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے اور کمپنیوں کو لانے کی ضرورت ہے۔
سی پیک کے حوالے سے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز 2 پر فوری کام کرنے کی ضرورت ہے، فیز ون کے تحت چین سے کاروبار منتقل کیا جائے گا۔