کراچی: سابق وفاقی وزیر اور سینیٹ کی جنرل نشست کے آزاد امیدوار فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان میں شفافیت پر تو 75 سال سے سوالات موجود ہیں، میں آزاد امیدوار ہوں اور میرے فارم پر بھی یہی لکھا ہے، ہار جیت کا فیصلہ پولنگ کے دن ہوگا۔
الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں اپنے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات پر قائم ہوں کہ آصف علی زرداری نے مجھے بیٹے جیسا کہا ہے اور میں بھی احترام کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نچلی قیادت اسے تسلیم کرے یا نہ کرے مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ایک سوال پر فیصل واؤڈا نے کہا کہ ابھی آزاد کا سیزن چل رہا ہے میں آزاد امیدوار ہی ہوں، جب پارٹی کا سیزن آئے گا جب پارٹی بھی دیکھ لیں گے۔
نگراں سیٹ اپ کے لوگ حکومت میں آجائیں تو اس سے کیا فرق پڑتا ہے، سیاسی مخالفت اپنی جگہ مگر آئی ایم ایف سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے یہ کروڑوں عوام کی تقدیر سے کھیلنے کے برابر ہے۔