ساؤ پاؤلو:برازیلین میٹا کمپیوٹر سروسز کمپنی نے فیس بک میٹا کا نام استعمال کرنے کے خلاف مقدمہ جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کی مقامی عدالت میں برازیلین میٹا کمپیوٹر سروسز کمپنی نے فیس بک میٹا کے خلاف اپیل دائر کررکھی تھی جس میں کمپنی کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ ان کے ملک میں اپنی سماجی رابطے کی سائٹ کا نام میٹا استعمال نہیں کر سکتے۔
برازیلین میٹا کمپنی کا اپنے دلائل میں کہنا تھا ان کے پاس پہلے سے ہی نام کے حقوق ہیں اور اس کے نتیجے میں بانی فیس بک نے امریکی برانڈنگ کا غلط حوالہ دیا ہے۔
کمپنی کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ یو ایس میٹا جسے پہلے فیس بک کہا جاتا تھا، نے اپنا نام 2021 میں ایک نئے برانڈ میں تبدیل کیا جبکہ ہمارے کمپنی کا نام برازیلین میٹا اس سے قبل رجسٹرد تھااور اس نام کے تمام تر حقوق بھی ہمارے پاس ہیں۔
کمپنی نے اس بات پر بھی زور دیا کیا ہمارے ملک میں کام کرنے والے گروپوں کے کاروباری فیصلوں سے قطع نظر برازیلی قانون پر عمل کیا جانا چاہیے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد مارک زکربرگ کی ٹیک کمپنی کو فروری کے آخر میں 30 دنوں کے اندر برازیل میں اپنا نام استعمال کرنے سے روکنے کا حکم دیا۔
یاد رہے مارک زکر برگ ٹیک کمپنی اب بھی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا قانونی حق محفوظ رکھتی ہے۔