کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے ویب براوٴزر کروم کے صارفین کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنا دیا ہے۔گوگل کا دعویٰ ہے کہ کروم ویب براوٴزنگ کا نیا ورژن رئیل ٹائم میں ویب سائٹس کو چیک کرتا ہے۔
گوگل نے اس مقصد کے لیے کروم میں رئیل ٹائم تحفظ کا اضافہ کیا ہے تاکہ صارفین کی پرائیویسی کو محفوظ رکھا جا سکے، یہ فیچر اب کروم میں سیف براوٴزنگ کے اسٹینڈرڈ موڈ پر دستیاب ہے جسے بائی ڈیفالٹ براوٴزر میں ان ایبل کیا جائے گا۔
کئی برسوں سے کروم کا سیف براوٴزنگ فیچر خودکار طور پر ممکنہ غیر محفوظ یو آر ایل یا ویب لنکس کو ایک ایسی فہرست میں شامل کر دیتا ہے جو آپ کی ڈیوائس میں محفوظ ہوتی ہے۔
جب بھی کوئی صارف کسی ویب سائٹ پر وزٹ کرتا ہے تو گوگل کی جانب سے فہرست میں اس یو آر ایل کو چیک کیا جاتا ہے اور پھر وارننگ جاری کی جاتی ہے، مگر مسئلہ یہ ہے کہ گوگل کی جانب سے اس ڈیٹا کو ہر 30 سے 60 منٹ میں اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے، جس سے متعدد غیر محفوظ ویب سائٹس اوپن ہو جاتی ہیں۔
اس کی روک تھام کے لیے رئیل ٹائم پروٹیکشن فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ غیر محفوظ ویب لنکس کو تیزی سے پکڑا جا سکے اور صارفین کے ڈیٹا کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
گوگل کا دعویٰ ہے کہ کروم ویب براوٴزنگ کا نیا ورژن رئیل ٹائم میں ویب سائٹس کو چیک کرتا ہے اور اگر وہ یو آر ایل ڈیٹابیس میں نہ ملے تو یو آر ایل کا انکرپٹڈ ورڑن سینڈ کیا جاتا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ پھر پرائیویسی سرور یو آر ایل کو صارف کی کسی بھی ڈیٹا جیسے آئی پی ایڈریس تک رسائی سے روکتا ہے،اس پورے عمل کے دوران صارف کی براوٴزنگ سرگرمیاں پرائیویٹ رہتی ہیں اور کوئی بھی آپ کے آئی پی ایڈریس کو نہیں دیکھ پاتا۔