اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد کے مختلف یوٹیلیٹی سٹورز کا دورہ کیا ہے۔وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے حصول کیلئے آئے مستحقین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کے جائزے کے لیے اسلام آباد میں مختلف یوٹیلٹی سٹورز کا اچانک دورہ کیا، وزیرِاعظم نے مستحقین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر بہترین اقدامات کیے گئے ہیں، حقداروں کو اشیائے خوردو نوش مہیا کی جارہی ہیں، 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکج ریلیف مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی کی قیمت 100روپے کم کی گئی ہے، آٹے کی قیمت بھی 77روپے کم کی گئی جبکہ حکومت نے بی آئی ایس پی کے تحت ملنے والی رقم میں اضافہ کیا اور 3کروڑ96لاکھ خاندانوں کو بی ا?ئی ایس پی کے تحت وظیفہ دیا جارہا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ یقینی بنایا جائے کہ رمضان پیکیج کے حصول کیلئے آئے مستحقین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔