دہلی :دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال نے خواتین سے کہا ہے کہ اگر شوہر وزیر اعظم مودی زندہ باد کا نعرہ لگائے تو اسے کھانا مت دو۔
دہلی میں ’مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا‘ کے تحت ’مہیلا سمان سماروہ‘ سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجری وال نے کہا کہ ہم نے بجلی اور بس کا سفر مفت کردیا ہے،اب دہلی میں ہر عورت کے لیے ہزار روپے کی اسکیم لائی جارہی ہے۔ مودی سرکار نے خواتین کے لیے کیا کیا ہے؟
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے عام آدمی پارٹی کی حمایت کرنے والی خواتین سے کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی خواتین سے کہیں کہ اروند کیجری وال تمہارا بھائی ہے جو ہر مشکل گھڑی میں تمہارے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ گھر کے دیگر افراد کو بھی عام آدمی پارٹی کا حامی بنانے کی کوشش کریں کیونکہ بگڑے ہوئے معاملات کو درست کرنے میں خواتین کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔
اروند کیجری وال کا کہنا تھا کہ خواتین کو خود مختار بنانے کے نام پر آج تک انہیں دھوکا ہی دیا گیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کا مکمل احترام یقینی بناکر ایک حقیقی معاشی و معاشرتی انقلاب برپا کرنے کی راہ ہموار کی جائے۔
خیال رہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اروند کیجری وال نے حیرت انگیز انداز سے نظم و نسق سنبھالا ہے،انہوں نے دہلی میں غریب ترین گھرانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایسے اقدامات کیے ہیں جو مالدار طبقے کو پسند نہیں ہیں۔