نیشنل پارٹی نے صدر مملکت کے لیے رہنما پیپلزپارٹی آصف زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا۔
ترجمان نیشنل پارٹی نے کہا کہ صدر کے لیے سینیٹ اور صوبائی اسمبلی میں آصف علی زرداری کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور نیشنل پارٹی کی قیادت کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور سیاسی مذاکرات کے بعد 8 نکات پر اتفاق ہوا۔
ترجمان نیشنل پارٹی نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ مسئلہ بلوچستان پر مفاہمتی عمل کو فروغ دیا جائے گا، لاپتا افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے گا، بامقصد مزاکرات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں جماعتوں کا اتفاق ہوا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، این ایف سی ایوارڈ قومی اہمیت کا حامل مسئلہ ہے جسے آئین کے مطابق حل کیا جائے گا۔
ترجمان نیشنل پارٹی نے کہا کہ اتفاق ہوا ہے کہ گوادر پورٹ آمدنی سے بلوچستان و گوادر کو ریونیو میں حصہ دیا جائے گا، بلوچستان کے تمام قومی شاہراہوں کو ڈبل ٹریک کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان کی محرومیوں کو کم کرنے کے لیے وفاقی ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام شروع کیا جائے گا، بلوچستان میں زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیمز کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔