اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے ہم گرینڈ الائنس بنانے جارہے ہیں، اڈیالہ جیل سے متعلق رات کو دہشتگردی کا ڈرامہ بنایا گیا، ایسے ڈرامے نہ بنائیں ہمیں پتا ہے آپ لوگ کیسے یہ ڈرامے بناتے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ فارم 45 کے تحت جو لوگ جیتے ہیں ان کی حکومت ہونی چاہیے کیونکہ آپ کے پاس اختیار نہیں ہے کہ حکومت اور کابینہ بنائیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ اس ملک کو آئین و قانون کے تحت چلنے دیں، دھاندلی کے خلاف گرینڈ الائنس کے حوالے سے ہم جماعت اسلامی سمیت تمام پارٹیوں کے ساتھ بات کریں گے اور منظم انداز میں کیمپین چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ یہاں ریاست رہی ہی نہیں ہے، ہم نے گورنر سے حلف لیا یہ آئینی پوزیشن ہے، موجودہ کابینہ نے عارف علوی سے حلف لیا تھا۔
اسدقیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہمیں جیل انتظامیہ نے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔
واضح رہے کہ اسد قیصر،عمر ایوب، فیصل جاوید، رؤف حسن اور شاندانہ گلزار کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے مگر انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
گذشتہ شب اڈیالہ کے قریب سے تین دہشت گردوں کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے متعلق رات کو دہشتگردی کا ڈرامہ بنایا گیا، ایسے ڈرامے نہ بنائیں ہمیں پتا ہے آپ لوگ کیسے یہ ڈرامے بناتے ہیں۔