اسلام آباد: احتساب عدالت نے آصف زرداری، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کر کے 19 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری، قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف، رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔
کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح الحسن اور آصف علی زرداری کے وکیل ارشد تبریز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
علاوہ ازیں نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا عرفان جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر عثمان مسعود بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر ضمنی ریفرنس کے لیے رپورٹ پیش کرے گا، تفتیشی افسر کو نوٹس کردیں، جج ناصر جاوید رانا نے استفسار کیا کہ ملزمان کون ہیں؟ ان کی حاضری لگوائیں۔
بعدازاں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔