اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے جمعرات تک مزید بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آج سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 7 مارچ تک جاری رہنے کاامکان ہے ۔
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا نیا سپیل برسنے کو تیار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں مزید برفباری ہونے کا بھی امکان ہے، آج سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 7 مارچ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
برفباری سے بند لواری ٹنل کی سڑک کو کھول دیا گیا، مری میں پڑھنہ کے مقام پر بارشوں کے باعث بڑا علاقہ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ہے جس کی وجہ سے مری اور کوٹلی ستیاں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 5 گھر مکمل تباہ جبکہ 2 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا میں بارشوں سے حادثات میں اموات کی تعداد 35 ہو گئی، 43 زخمی ہیں، دشوار گزار علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تباہ ہونے والے مکان سے 7 لاشوں اور 2 زخمیوں کو نکال لیا گیا، سڑک سے بھاری پتھر اور مٹی ہٹا کر ٹریفک بھی بحال کر دی۔