اسلام آباد: نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے، جمعرات کو وفاقی کابینہ کی تشکیل کا امکان ہے، پارٹی کی سینئر قیادت کابینہ کا حصہ ہوگی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے پر غور جاری ہے، مذہبی امور کا قلم دان سردار یوسف کو، آئی ٹی کا قلم دان انوشہ رحمن کو ملنے کا امکان ہے۔
اسی طرح عطاء اللہ تاڑر کو وزیر اطلاعات، احسن اقبال کو وزیر داخلہ یا پلاننگ کی ذمہ داری اور خواجہ آصف کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کو کوئی اور اہم عہدہ ملنے کی صورت میں نجی بینک کے سربراہ کو مشیر خزانہ مقرر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کو عشائیہ کی دعوت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے جمعرات کو تمام اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ ہوگا۔ مسلم لیگ ن اور تمام اتحادی پارلیمانی پارٹیوں کو وزیر اعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا۔