پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں نومنتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ملاقات میں خیبر پختونخوا کابینہ کے لیے ناموں کی منظوری دے دی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کابینہ اراکین کی منظوری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات میں دی اور مجموعی طور پر 7 نام دیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ فہرست کے علاوہ کابینہ کے دیگر ناموں کا اختیار وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو دیا گیا تاہم بانی پی ٹی آئی نے کابینہ کے لیے نام پشاور سمیت صوبہ بھر سے اہم ارکان کو شامل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ابتدائی طور پر 10 وزرا، 3 مشیر اور 3 معاونیں خصوصی کا اعلان کیا جائے گا، سابق صوبائی وزیرخزانہ تیمور خان جھگڑا کو دوبارہ وزارت خزانہ دی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کی کابینہ میں ممکنہ طور پر مینا خان، فضل خان، سید قاسم علی شاہ، خلیق الرحمان، ظاہر شاہ طورو کے نام بھی شامل ہیں تاہم کابینہ کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔
اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بلین ٹری سونامی، صحت، تعلیم اور پولیس میں ریفارمز پر زور دیا اور بلین ٹری منصوبہ فی الفور شروع کرنے کی ہدایت کردی۔