اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) نے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں کا وفد پہنچا۔
وفد کی مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر و نو منتخب ممبر قومی اسمبلی چودھری سالک حسین، چودھری طارق بشیر چیمہ اور فرخ خان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا، وفد میں اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف شامل تھے۔
چودھری سالک حسین نے کہا کہ پیپلزپارٹی، (ن) لیگ کے وفود کی آمد پر شکرگزار ہوں، چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری کی سیاست کی، انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اکٹھے چلنا ہے، ہمارا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے، ہم آصف زرداری کو ووٹ دیں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کا بے حد مشکور ہوں، ہم ملکر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، آصف زرداری، بلاول بھٹو کی طرف سے مسلم لیگ (ق) کا شکر گزار ہوں۔