پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے نومنتخب ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ، وزیراعلیٰ نے ارکان کے ساتھ خیبرپختونخوا کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ملاقات میں ارکان کی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے رمضان کے مہینے میں سستے رمضان بازاروں کے قیام کے بجائے غریب عوام کو نقد پیسے دینے کی منصوبہ بندی کر لی۔
وزیراعلیٰ نے رمضان کے دوران احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد کو فی خاندان نقد پیسے دینے کی خواہش کا اظہار کیا، مالی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نقد پیسے دینے کا فیصلہ کریں گے۔
علی امین گنڈا پور نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس منشور پر عوام نے ووٹ دیا ہے اس کے مطابق کام کریں گے۔