نئی دہلی: آئندہ الیکشن میں اپنے ہندو ووٹروں کو لبھانے کیلئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پوچا کرنے سمندر کی گہرائی میں پہنچ گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بحیرہ عرب کی گہرائی میں قدیم دوارکا شہر کے مقام پر پْوجا کر رہے ہیں، مودی سمندر کے نیچے موجود ایک پتھر کو ہاتھ لگانے کے بعد اپنے مخصوص انداز میں بیٹھ جاتے ہیں اور ہاتھ جوڑے پوجا میں مصروف ہو جاتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نریندر مودی نے پوجا کے دوران زعفرانی کرتہ اور پاجامہ پہنا ہوا ہے اور سر پر بحریہ کی جانب سے دی گئی ایک خاص مشین بھی لے رکھی ہے، مودی نے مور کے پر بھی پکڑے ہوئے تھے جو سمندر میں غوطہ لگانے کے دوران اپنے ساتھ لے کر گئے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تجربے کے حوالے سے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ غرق آب دوارکا شہر میں پراتھنا کرنا ایک بہت ہی شاندار تجربہ تھا، میں نے روحانی شان اور ابدی عقیدت کے ایک قدیم دور سے جڑا ہوا محسوس کیا۔
خیال رہے کہ ہندووٴں کے نزدیک دوارکا بھگوان کرشن کا شہر تھا جو اب ڈوب گیا ہے، مہابھارت میں دوارکا شہر کا ذکر بھگوان کرشنا کی سلطنت کے طور پر کیا جاتا ہے اور یہ ایسی جگہ بسایا گیا تھا جہاں دریائے گومتی بحیرہ عرب سے ملتی ہے۔