انقرہ: ترکیہ کے شہر استنبول کی ایک مسجد میں نمازیوں کے لیے صبح دم ورزش اور فٹنس کی کلاسوں کا آغاز کیا گیا ہے جس میں نمازی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق استنبول کی ایک مسجد میں نماز فجر کے بعد بھی گہماگہمی ہے اور کئی معمر نمازی کسی کا انتظار کر رہے ہیں اور یہ انتظار امام مسجد کا نہیں کہ نماز ہوچکی ہے بلکہ ایک نوجوان کا ہے جو فٹنس ٹرینر ہے۔
بڑھتی عمر اور وزن سے پریشان نمازیوں نے وقت کے ساتھ ساتھ وارد ہونے والے امراض سے مقابلہ کرنے کے لیے خود کو فٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور مسجد کی انتظامیہ اس میں بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔
ترک میڈیا سے وائرل کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فٹنس ٹرینر نمازیوں کو ورزش کرا رہا ہے اور معمر افراد ایک قطار میں کھڑے اس کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا منظر ہے جو مساجد میں کم ہی دیکھا جاتا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے اس عمل کو سراہا جب کہ استنبول کی دیگر مساجد نے بھی اس طرح کی سرگرمیاں شروع کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کو کمیونیٹی سینٹر کی طرح کام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔