اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام نے بلوچستان میں حکومت سازی کے لیے ن لیگ سے رجوع کیا تاہم ن لیگ نے تاخیر سے رجوع کرنے پر جے یو آئی سے معذرت کرلی۔ ن لیگی رہنما اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ ہم تو چاہتے تھے کہ مل کر چلا جائے لیکن مولانا آپ نے بہت دیر کر دی۔
اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں حکومت سازی پر مشاورت کی گئی۔ جے یو آئی کی جانب سے ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری موجود تھے جب کہ ن لیگ کی جانب سے اسحاق ڈار نے نمائندگی کی۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اور ن لیگ کم از کم بلوچستان میں تو مل کر حکومت بنا سکتے ہیں تاہم اس پر ن لیگی رہنما اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ ہم تو چاہتے تھے کہ مل کر چلا جائے لیکن مولانا آپ نے بہت دیر کر دی، چار دن سے آپ سے رابطہ کر رہے تھے لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ نے اب پیپلز پارٹی کے ساتھ شراکتِ اقتدار کا معاہدہ کر لیا ہے، ن لیگ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے والی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار کا یہ بھی کہنا تھا کہ جے یو آئی کے ساتھ ہمارا پرانا ساتھ ہے، ہم گرم سرد موسم میں ساتھ چلے ہیں، جے یو آئی کی پیشکش کے حوالے سے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔