نئی دہلی : بھارت میں عام انتخابات سے قبل مودی سرکار اپوزیشن جماعتوں کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔بھارتی تجزیہ کاروں کاکہنا ہے کہ مودی کی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے سیاسی دشمنوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
مودی سرکار کی جانب سے بھارتی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے اکاوٴنٹس منجمد کردیے گئے ، کانگریس پارٹی نے دعویٰ کیا کہ ان کے چار بینک اکاوٴنٹس کو منجمد کیا گیا۔
کانگریس لیڈر ملک ارجن کھارگے نے کہاہے کہ یہ ہندوستانی جمہوریت کے لیے افسوسناک دن کی علامت ہے، بھارتی تجزیہ کاروں کاکہنا ہے کہ مودی کی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے سیاسی دشمنوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
اس حوالے سے کانگریس ترجمان اجے ماکن نے کہا ہے کہ پارٹی کے خلاف کارروائی کا مقصد انتخابات سے پہلے اسے پس پشت ڈالنا ہے، قومی انتخابات کے اعلان سے قبل اہم اپوزیشن پارٹی کے اکاوٴنٹس کو منجمد کرنا جمہوریت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
کانگریس ترجمان کاکہناتھا کہ مجھے لگتا ہے کہ مودی سرکار ایک پارٹی سسٹم کی طرف جانا چاہتی ہے، اس فیصلے کے خلاف ہم عدالت میں اپیل کر رہے ہیں اور عوامی احتجاج بھی کریں گے، اکاوٴنٹس منجمد کرنے سے پارٹی کا معاشی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
ادھر مودی حکومت کی جانب سے ان الزامات پر ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔