اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے محکمہ انسداد دہشت گردی ونگ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو طلبی کا دوسرا نوٹس جاری کردیا۔
ایف آئی اے کاونٹر ٹیررازم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوسٹیگیشن اعجاز احمد شیخ کی جانب سے علیمہ خان کو ارسال طلبی کا دوسرا نوٹس جاری کیا گیا، جس میں انہیں 16 فروری کو صبح گیارہ بجے ایف آئی اے ہیڈکورٹرز اسلام آباد میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسرے طلبی کے نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ’ایف آئی اے کاونٹر ٹیررازم ونگ میں سکیشن آفیسر ایف آئی اے پالیسی وزارت داخلہ کی درخواست پر ریاست مخالف سرگرمیوں، نفرت انگیز مواد پھیلانے و مجرمانہ سازش کرکے عوام و فوج میں تقسیم پیدا کرنے کے الزامات کے تحت انکوائری نمبر 4/24 درج کی گی ہے جس پر تحقیقات جاری ہے‘۔
نوٹس میں علیمہ خان سے کہا گیا ہے انکوائری پیش ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کرائیں اور الزامات پر سوالات کے جواب دیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے لاہور میں مذکورہ نوٹس کی تعمیل علیمہ خان کی گاہ پر کرائی گئی۔
نوٹس میں واضح لکھا گیا ہے کہ اگر علیمہ خان پیش نہیں ہوتیں تو سمجھا جائے گا کہ انکے پاس صفائی کے لیے کچھ نہیں اور ایسی صورت میں قانونی کاروائی عمل مین لائی جائے گا۔
خیال رہے کہ علیمہ خان کو اس سے قبل پہلا طلبی کا نوٹس 2 فروری کو جاری کرکے 6 فروری کو طلب کیاگیاتھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں تھیں۔