کراچی: پاک بحریہ نے چین کے اشتراک چھٹی ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری کا آغاز کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ہنگور کلاس آبدوز کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ترین ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے لیس کی جائیں گی، جہاز اور آبدوز سازی کی صنعت کو تقویت دینا نیول ہیڈ کوارٹرز کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر جدید آبدوز کی تیاری میں وزرات دفاعی پیداوار، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، ہنگور کلاس آبدوزوں کی پاکستان میں تیاری سے پاک بحریہ کی خود انحصاری کو فروغ حاصل ہوگا۔
سربراہ پاک بحریہ نے آبدوز کی تیاری میں چائنہ شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔