لاہور: پنجاب اسمبلی کے مختلف حلقوں سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف حلقوں سے کامیاب ہونے والے مزید 6 آزاد اراکین نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی- 132 ننکانہ سے سلطان باجوہ، پی پی-225 لودھراں سے شازیہ ترین، پی پی-289 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر لغاری، پی پی-288 ڈیرہ غازی خان سے حنیف پتافی، پی پی-94 چنیوٹ سے تیمور لالی اور پی پی-283 لیہ سے علی اصغر گورمانی نے شمولیت کا اعلان کیا۔
نومنتخب آزاد ارکان نے نامزد وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں ملاقات کی جہاں اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطااللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، خواجہ عمران نزیر، سردار احمد خان لغاری اور دیگر بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے پر سلطان باجوہ، حنیف پتافی، محمود قادر خان اور تیمور لالی کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی میں ان کا خیرمقدم کیا، نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے والے چاروں ارکان نے پارٹی قائد نواز شریف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم نامزد کرنے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب قائد نواز شریف اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، اتحاد اور تعاون ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے، ہم نواز شریف کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کریں گے۔
نامزد وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے وژن پر عمل کریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے نکالیں گے اور مہنگائی کے عذاب سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی کا شکریہ اور ان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے قائد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، آپ کی شمولیت سے ان شااللہ پنجاب کے عوام کی خوش حالی کا مقصد حاصل ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ ماضی کی تباہی سے عوام کو نجات دلا کر خوش حال مستقبل سے ہم کنار کریں گے، اس موقع پر نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی نامزد ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارک باد دی۔